کراچی : اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 1 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئی مالیاتی پالیسی کا اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ شرح سود میں 1 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ جس سے شرح سود 16 سے بڑھا کر 17 فیصد کردی گئی ہے۔ جمیل احمد نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے زر مبادلہ ذخائر کم ہوئے ہیں۔ کمیٹی کا خیال تھا مہنگائی قابو کرنے کیلئے شرح سود ایک فیصد بڑھائی جائے، مہنگائی کا زور ہے، قیمت کا استحکام ضروری ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ قرض ادائیگی میں سے 15 ارب ڈالر ادا کر دیئے ہیں، مالی سال کے باقی مہینوں میں 8 ارب ڈالرکی ادائیگیاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 3 ارب ڈالر رول اوور ہوجائے گا، پانچ مہینوں میں 3 ارب ڈالر سے کم ادائیگی کرنی ہے۔ 6 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3.7 ارب ڈالر ہے، رواں سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 9 ارب سے کم ہوگا۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 10 ارب اوراصل ادائیگی 23 ارب ہے، رواں مالی سال ہماری ضرورت 33 ارب ڈالر کی ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ کنٹینرز پھنسنے کا سبب اسٹیٹ بینک کے احکامات پر عمل نہ کرنا ہے، پھےک کنٹینر نکالنے کیلئے ایسوسی ایشنز سے تفصیلات جمع کرائیں، کنٹینرز ریلیز کرنے کا طریقہ کار بینکوں کو دے دیا ہے۔