پنجاب کےتعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں کمی کی تیاری

پنجاب کےتعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں کمی کی تیاری
کیپشن: پنجاب کےتعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں کمی کی تیاری

ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ کی ہدایات پر قائم کی گئی ایک کمیٹی نے پنجاب بھر کے اسکولوں اور کالجوں کے لیے یکساں تعلیمی کیلنڈر کی سفارش کی ہے، جس کے تحت ہر تعلیمی ادارے کو سالانہ 190 تدریسی دن مکمل کرنا ہوں گے۔

کمیٹی نے اپنی تجاویز میں گرمیوں کی تعطیلات کو موجودہ اڑھائی ماہ کے بجائے کم کر کے چھ ہفتے کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔ کمیٹی نے گزشتہ چار ماہ کے دوران تین اجلاس منعقد کیے اور تیسرے اجلاس میں اپنی حتمی سفارشات مرتب کیں۔

مجوزہ منصوبے کے تحت صوبے کے تعلیمی اداروں میں سالانہ 175 تعطیلات ہوں گی، جبکہ تعلیمی اور تدریسی دنوں کی تعداد 190 پر برقرار رکھی جائے گی۔ پنجاب بھر کی نجی اسکول تنظیموں نے بھی اس تجویز کی حمایت کر دی ہے۔

سفارشات کے بعد پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اسپیشل سیکرٹری محمد اقبال نے پیکٹا (PECTA) اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن برائے سیکنڈری و ایلیمنٹری ایجوکیشن کو تین دن کے اندر یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ ہر سال تعطیلات میں مسلسل اضافے کے باعث تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، بالخصوص اعلیٰ جماعتوں میں نصاب مکمل نہ ہو پانے کا مسئلہ درپیش رہتا ہے۔

یہ کمیٹی جسٹس جواد حسن نے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں ایک رِٹ پٹیشن کی سماعت کے دوران تشکیل دی تھی، جس میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات میں اضافے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ کمیٹی کا تیسرا اجلاس لاہور میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کی صدارت میں منعقد ہوا، جس کی نگرانی اسپیشل سیکرٹری محمد اقبال نے کی۔

Watch Live Public News