خلیجی ممالک میں پاکستان مخالف بھارتی فلم ’بارڈر 2‘ پر پابندی عائد

خلیجی ممالک میں پاکستان مخالف بھارتی فلم ’بارڈر 2‘ پر پابندی عائد

ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کو ایک اور جھٹکا لگ گیا، خلیجی ممالک نے پاکستان مخالف مواد پر مبنی بھارتی فلمبارڈر 2‘ کی سینما گھروں میں نمائش پر پابندی عائد کر دی ہے، یہ فیصلہ فلم کی عالمی ریلیز سے قبل کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنی دیول کی اداکاری سے مزین یہ فلم 23 جنوری 2026 کو دنیا بھر میں ریلیز ہونا تھی، تاہم فلم کو بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں اسکریننگ کی اجازت نہیں مل سکی۔ اس سے قبل رنویئر سنگھ کی فلم دھرندھر کو بھی اسی نوعیت کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فلم کو پاکستان مخالف مواد کے باعث خلیجی ممالک کے سنسر بورڈز نے منظور نہیں کیا، جس کے نتیجے میں وہاں اس کی نمائش ممکن نہیں رہی۔

دوسری جانب بھارت میں فلم کے اب تک تقریباً 60 ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، تاہم خلیجی ممالک میں پابندی کے باعث فلم کی عالمی کمائی پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق خلیجی ممالک بھارتی فلموں کے لیے ایک اہم مارکیٹ سمجھے جاتے ہیں، جہاں بڑی تعداد میں جنوبی ایشیائی ناظرین موجود ہیں۔ ایسے میں اس پابندی سے ’ بارڈر 2‘ کے باکس آفس کلیکشن کو خاصا نقصان پہنچ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان مخالف بیانیے پر مبنی متعدد بھارتی فلموں کو مختلف ممالک میں تنقید اور پابندیوں کا سامنا رہا ہے، جس سے فلم سازوں کو عالمی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Watch Live Public News