وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے حلف اٹھا لیا

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے حلف اٹھا لیا
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے امیدوار حمزہ شہباز شریف نے اپنے مدمقابل پی ٹی آئی اور ق لیگ کے مشترکہ امیدوار چودھری پرویز الٰہی کو شکست دیدی تھی۔ انتخاب کے دوران حمزہ شہباز کو 179 جبکہ پرویز الٰہی کو 186 ووٹ ملے تاہم ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے پارٹی سربراہ چودھری پرویز الٰہی کے خط کو بنیاد بناتے ہوئے ق لیگ کے تمام 10 اراکین کے ووٹوں کو مسترد کرکے حمزہ شہباز کی کامیابی کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس گذشتہ روز تقریباً پونے تین گھنٹے کی تاخیر سے شام 7 بجے شروع ہوا جس کے بعد ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے ووٹنگ کا عمل شروع کرایا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ق لیگ کے کاسٹ کئے گئے تمام 10 ووٹ مسترد ہوتے ہیں اور میں اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ 10 ووٹ ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئے ہیں۔اس موقع پر ق لیگ اور تحریک انصاف کے ارکان نے احتجاج کیا۔ قبل ازیں دوست محمد مزاری نے ایوان کو بتایا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق 16 اپریل کو ہونے والے انتخاب میں حمزہ شہباز کو 197 ووٹ پڑے تھے جن میں سے 25 ووٹ نکالنے کے بعد ان کے ووٹوں کی تعداد 172 بنتی ہے جو کہ درکار 186 ووٹ سے کم ہے لہٰذا اب انہیں اکثریت حاصل نہیں۔ ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے کہا کہ اب وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے کسی بھی رکن کو موجودہ اراکین کی اکثریت کی حمایت درکار ہوگی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔