(ویب ڈیسک)معروف کمپنی ٹیسلا کی جانب سے 2 سے 5 برس کی عمر کے بچوں کیلئے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ٹیسلا کا کہنا ہے کہ بچوں کیلئے بیلنس بائیک ہلکے وزن کے میگنیشیم فریم، ایڈجسٹ ہونے والی نشست اور جدید طرز کے ڈیزائن کے ساتھ پیش کی گئی ہے۔اس بائیک کے سائیڈ پر ٹیسلا کا لفظی نشان اور سامنے T لوگو موجود ہے۔
ٹیسلا کے مطابق بیلنس بائیک 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کیلئے موزوں ہے۔ یہ بائیک بغیر پیڈل، موٹر اور بریک کے تیار کی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ بچے اسے اپنے پیروں کی مدد سے چلائیں گے۔
اس کی قیمت 225 ڈالر مقرر کی گئی ہے جبکہ مارکیٹ میں زیادہ تر بیلنس بائیکس تقریباً 100 ڈالر میں دستیاب ہیں۔ قیمت زیادہ ہونے کے باوجود بائیک فروخت کے فوراً بعد آؤٹ آف اسٹاک ہو گئی ہیں ۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ بائیک کی نئی کھیپ کیلئے 31 جولائی سے پری آرڈرز شروع کیے جائیں گے۔ بیلنس بائیک کی اونچائی کے مطابق بچوں کی ٹانگ کی کم از کم مطلوبہ لمبائی 13.7 انچ (35 سینٹی میٹر) اور تجویز کردہ زیادہ سے زیادہ وزن کی حد 66.1 پاؤنڈ (30 کلوگرام) ہونی چاہیے، جب کہ اس کی زیادہ سے زیادہ قابلِ برداشت وزن کی حد 77.1 پاؤنڈ (35 کلوگرام) ہے۔
اس کے علاوہ بیلنس بائیک اسمبل کرنے کیلئے درکار اوزار بھی اس کے ساتھ شامل ہیں، جبکہ بچوں کی بیلنس بائیک کا دستی کتابچہ بھی دستیاب ہوگا۔