(ویب ڈیسک ) بابر اعظم نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ویرات کوہلی کا سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ ملکی سیریز کے دوران زمبابوے کے خلاف میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز اسکور کیے۔ اس بڑی مجموعے میں اوپنر صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم کی شاندار نصف سنچریوں نے اہم کردار ادا کیا۔
صاحبزادہ فرحان نے سیریز میں مسلسل دوسری ففٹی اسکور کی اور 41 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں فخر زمان نے تیز رفتار کھیل پیش کیا اور صرف 10 گیندوں پر ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 27 رنز جوڑے۔
بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی، جو ان کے کیریئر کی 38 ویں نصف سنچری ہے۔ اس طرح انہوں نے ویرات کوہلی کے 38 نصف سنچریوں کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔
بابراعظم اب تک 134 میچز کی 127 اننگز میں 4 ہزار 392 رنز کے ساتھ تین سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں، جبکہ 50 یا اس سے زائد رنز کی سب سے زیادہ اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔
ویرات کوہلی 125 میچز کی 117 اننگز میں 38 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں اور ان کے نام صرف ایک ٹی20 انٹرنیشنل سنچری ہے۔ روہت شرما 32 ففٹیز کے ساتھ تیسرے، محمد رضوان 30 کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر 28 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔