ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل اور ایک پاکستانی مداح کے درمیان پیش آنے والا دلچسپ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی مداح شبھمن گل کے قریب آ کر ان سے ہاتھ ملانے کی خواہش ظاہر کرتا ہے۔ جیسے ہی بھارتی کپتان مصافحہ کرتے ہیں، پاکستانی مداح اچانک بلند آواز میں ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگا دیتا ہے۔
A Pakistani fan met Shubman Gill in Adelaide and said, "Pakistan Zindabad." pic.twitter.com/sfoqpeLOi0
— Sheri. (@CallMeSheri1_) October 22, 2025
نعرے پر شبھمن گل لمحہ بھر کے لیے حیران رہ جاتے ہیں اور صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم کسی ردعمل کے بغیر وہ مسکراتے ہوئے آگے بڑھ جاتے ہیں۔ اس مختصر مگر دلچسپ لمحے نے سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کرلی ہے، خاص طور پر پاکستانی صارفین نے اس ویڈیو کو مزاحیہ انداز میں شیئر کرتے ہوئے مختلف تبصرے کیے ہیں۔
متعدد پاکستانی صارفین نے کہا کہ اگر مداح نے نعرے کے ساتھ ’6-0‘ بھی کہہ دیا ہوتا تو مزید دلچسپ ردعمل دیکھنے کو ملتا۔ ایک صارف نے لکھا کہ حیرت ہے کہ بھارتی کپتان نے کسی قسم کی نارمل گفتگو کے بجائے خاموشی اختیار کی۔ کچھ نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے حوالے سے خبروں میں کہا جارہا تھا کہ وہ حالیہ واقعات کے باعث مداحوں سے مصافحہ سے گریز کر رہے ہیں، تاہم شبھمن گل کے رویے نے اس تاثر کی نفی کردی۔
سوشل میڈیا پر بھارتی اور پاکستانی صارفین کے درمیان اس ویڈیو کے حوالے سے طنزیہ اور دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کچھ صارفین نے اس واقعے کو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان کھیل کے ذریعے رابطے کی ایک مثبت مثال بھی قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اس وقت آسٹریلیا کے دورے پر ہے، جہاں وہ تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیل رہی ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کی تھی۔ سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جارہا ہے، جس کے نتائج کا شائقین کو بے تابی سے انتظار ہے۔