ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی بار مسلسل دو میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا اور کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں دوسرے ون ڈے کے دوران آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی نے میدان سے واپس جاتے ہوئے تماشائیوں کی جانب ہاتھ ہلا کر ایک مخصوص انداز میں الوداع کہا، جس کے بعد ان کی ممکنہ ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔
VIRAT KOHLI GONE FOR HIS SECOND DUCK OF THE SERIES!#AUSvIND | #PlayoftheDay | @BKTtires pic.twitter.com/jqIdvMeX9T
— cricket.com.au (@cricketcomau) October 23, 2025
ایڈیلیڈ اوول کو ویرات کوہلی کے کیریئر میں خصوصی اہمیت حاصل رہی ہے۔ وہ اس میدان پر غیر ملکی بیٹسمینوں میں سب سے زیادہ رنز (975) بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ تاہم آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں صرف چار گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہونے کے بعد ان کا ردعمل مداحوں کے لیے جذباتی لمحہ بن گیا۔ اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں پرتھ کے آپٹس اسٹیڈیم میں بھی کوہلی آٹھ گیندوں پر صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی جب ویرات کوہلی سات ماہ کے وقفے کے بعد دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے لیے میدان میں اترے تھے۔ یاد رہے کہ وہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کر چکے ہیں، جس کے بعد اب ان کے ون ڈے کرکٹ چھوڑنے کے خدشات جنم لے رہے ہیں۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر زیویر بارٹلٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی نے بغیر کسی ردعمل کے شائقین کو ہاتھ ہلا کر میدان چھوڑا۔ سوشل میڈیا پر ہزاروں صارفین نے اس اشارے کو ان کے آخری ایڈیلیڈ میچ کا ممکنہ اشارہ قرار دیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ وہ محض شائقین کی محبت کا احترام کر رہے تھے۔
کوہلی نے اب تک اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 70 سے زائد سنچریاں اسکور کی ہیں اور بھارت کی جانب سے محدود اوورز کی کرکٹ میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ تاہم موجودہ کارکردگی اور جذباتی ردعمل نے اس بات کو تقویت دی ہے کہ ایڈیلیڈ میں دکھایا گیا ان کا انداز شاید کرکٹ کے ایک شاندار دور کے اختتام کی طرف اشارہ ہو۔