ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی و حبس میں نمایاں کمی آئی۔
شہر کے علاقوں اسلام پورہ، گلشن راوی، مال روڈ، مزنگ، انارکلی اور لوئر مال میں بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ بعض مقامات پر فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی بند ہوگئی۔
ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک بلند ہو گئی۔ راول ڈیم میں پانی 1,749 فٹ تک پہنچنے پر سپل ویز کھول دیئے گئے۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں 252 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں 121 بچے، 85 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں۔ پنجاب میں 139، خیبر پختونخوا میں 60، سندھ میں 24، بلوچستان میں 16، اسلام آباد میں 6 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔ زخمیوں کی تعداد 611 بتائی گئی ہے۔