ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر کے بڑے بھائی شاہد اختر انتقال کر گئے ۔
شعیب اختر نے اپنے بڑے بھائی کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شیئر کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی۔ اپنے پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ ’’میرے پیارے بھائی شاہد اختر اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے حضور واپس چلے گئے ہیں۔‘‘
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) June 23, 2026
سابق اسپیڈ اسٹار نے مزید بتایا کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-8 میں ادا کی جائے گی، جبکہ اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب سے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
شعیب اختر کی جانب سے یہ خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ کرکٹ شائقین، مداحوں اور مختلف شخصیات نے ان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔