ایران آبنائے ہرمز میں کسی قسم کی فیس وصول نہیں کر رہا، خلاف ورزی ہوئی تو مذاکرات ختم کر دیں گے: ٹرمپ

ایران آبنائے ہرمز میں کسی قسم کی فیس وصول نہیں کر رہا، خلاف ورزی ہوئی تو مذاکرات ختم کر دیں گے: ٹرمپ
کیپشن: ایران آبنائے ہرمز میں کسی قسم کی فیس وصول نہیں کر رہا، خلاف ورزی ہوئی تو مذاکرات ختم کر دیں گے: ٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کا ٹول ٹیکس، انشورنس فیس یا اضافی چارجز نہ تو عائد کیے جا رہے ہیں اور نہ ہی وصول کیے جا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایران کی جانب سے یہ پیغام موصول ہوا ہے کہ عالمی بحری تجارت کے لیے اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی معمول کے مطابق جاری ہے اور جہازوں سے کسی اضافی مالی ادائیگی کا مطالبہ نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ معلومات غلط ثابت ہوئیں یا زمینی حقائق اس کے برعکس سامنے آئے تو ایران کے ساتھ جاری مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں یہ بھی واضح کیا کہ امریکا نے ایران کو کوئی مالی ادائیگی نہیں کی اور نہ ہی ایرانی حکومت کے منجمد فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے منجمد اثاثوں کے ایک حصے کو انسانی ضروریات کے لیے استعمال کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت امریکی کسانوں اور مویشی پال حضرات سے مکئی، گندم، سویابین اور دیگر زرعی اجناس خریدی جا سکتی ہیں۔

ٹرمپ کے مطابق ایران کو خوراک اور زرعی مصنوعات کی ضرورت ہے، اس لیے ایسی کسی بھی ممکنہ خریداری کا مقصد انسانی ضروریات پوری کرنا اور غذائی قلت کے خدشات کو کم کرنا ہوگا۔

امریکی صدر کے بیان کو خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں اور آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی سے متعلق جاری بحث کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ آبی گزرگاہ عالمی تیل اور تجارتی نقل و حمل کے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔

Watch Live Public News