عراق نے پاکستانی زائرین کیلئے نئی ویزا پالیسی جاری کر دی، اہم پابندیاں اور شرائط نافذ

عراق نے پاکستانی زائرین کیلئے نئی ویزا پالیسی جاری کر دی، اہم پابندیاں اور شرائط نافذ
کیپشن: عراق نے پاکستانی زائرین کیلئے نئی ویزا پالیسی جاری کر دی، اہم پابندیاں اور شرائط نافذ

ویب ڈیسک: عراقی حکام نے پاکستانی زائرین کے لیے نئی ویزا شرائط اور سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے ویزا قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا اعلان کیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق زائرین اور زیارتی گروپوں کے منتظمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عراق میں داخلے اور قیام سے متعلق تمام ضوابط کی مکمل پابندی یقینی بنائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت فیملی ویزا حاصل کرنے والے افراد اکیلے عراق کا سفر نہیں کر سکیں گے، جبکہ 50 سال سے کم عمر اکیلے مرد زائرین کے عراق میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

عراقی حکام نے واضح کیا ہے کہ ویزا درخواست مسترد ہونے یا عراق میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں ویزا فیس واپس نہیں کی جائے گی۔ مزید یہ کہ عاشورہ اور اربعین کے لیے جاری کردہ ویزا الگ الگ تصور کیے جائیں گے اور ایک ہی ویزا دونوں مذہبی مواقع کے لیے قابلِ استعمال نہیں ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق ویزا کی مدتِ کار 30 روز مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ مدت سے زائد قیام کرنے والے افراد کے خلاف جرمانے، ملک بدری اور مستقبل میں عراق میں داخلے پر تاحیات پابندی سمیت سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

عراقی حکام نے یہ بھی بتایا کہ پاکستانی زائرین کے پاسپورٹس عراق پہنچنے پر امیگریشن حکام کی تحویل میں رکھے جائیں گے، جنہیں مقررہ ضوابط کے مطابق بعد میں واپس کیا جائے گا۔

حکام نے زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے قبل ویزا شرائط، سفری دستاویزات اور قیام سے متعلق تمام قواعد و ضوابط کا مکمل جائزہ لیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی یا قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔



Watch Live Public News