پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا
کیپشن: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موجودہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا۔

 تفصیلات کے مطابق ترجمان پی سی بی کا کہنا ہےکہ موجودہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا ہے، نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی ٹیم کے انتخاب کے لئے میرٹ پر آزادانہ فیصلے کرے گی، نئی سلیکشن کمیٹی کے میرٹ پر فیصلے سب کے سامنے ہوں گے۔

چئیرمین  پی سی بی محسن نقوی کی آج پریس کانفرنس شیڈول ہے اور ذرائع کا بتانا ہے کہ محسن نقوی پریس کانفرنس میں نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کو دوبارہ چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں ملنےکا امکان ہے جبکہ سابق آل راونڈر عبدالرزاق رکن کے طور پر مضبوط امیدوار ہیں۔

خیال رہے کہ موجودہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض تھے جبکہ کمیٹی ممبرز میں سابق ٹیسٹ کرکٹر وجاہت اللہ واسطی، توصیف احمد، وسیم حیدر، کامران اکمل اور راؤ افتخار انجم (کنسلٹنٹ ممبر) اور حسن مظفر چیمہ منیجر اینالیٹکس اینڈ ٹیم اسٹریٹجی شامل تھے۔

Watch Live Public News