پبلک نیوز: ضلع قصور کی تحصیل چونیاں میں الہ آباد اور اس کے نواحی دیہات کے باسیوں کے لیے پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیکل کیمپ میں گائنکالوجسٹ سمیت متعدد سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے سینکڑوں افراد کا طبی معائنہ اور علاج کیا۔ مفت ادویات اور غذائی سپلیمنٹس کے ساتھ ساتھ ای سی جی اور الٹرا ساؤنڈ سمیت متعدد ٹیسٹس کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
کیمپ میں دن بھر مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز بھی کیمپ میں مصروف عمل رہے جہاں ایک ہزار 300 سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا گیا۔ عوام نے پاک فوج کے عوامی بہبود کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔
ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے حفظان صحت، متوازن غذا، ڈینگی سمیت مختلف بیماریوں سے بچاؤ اور علاج کے حوالے سے آگاہی لیکچرز بھی دیے۔ عوام نے سال بھر دیہی علاقوں میں تواتر سے لگائے جانے والے فری میڈیکل کیمپس پر پاک فوج کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ دور دراز کے علاقوں کے نادار لوگوں کو صحت عامہ کی جدید سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی کی غرض سے پاک فوج کی طرف سے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد معمول کا حصہ ہے۔