ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے مغربی لندن میں واقع اپنا پرتعیش گھر فروخت کے لیے پیش کر دیا، جس کی مالیت تقریباً 6.5 ملین پاؤنڈ بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رہائش گاہ گزشتہ تقریباً تین دہائیوں سے جمائما گولڈ اسمتھ کا خاندانی گھر رہی ہے، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے اہم برس گزارے اور اپنے بچوں کی پرورش کی۔ تاہم بچوں کے گھر سے منتقل ہونے کے بعد انہوں نے یہ جائیداد فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جمائما اپنی ذاتی زندگی کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہیں اور جلد اپنے منگیتر کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کریں گی۔ اسی وجہ سے وہ مستقبل میں برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان وقت گزارنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
چیلسی اور فلہم کے درمیان ایک نجی اور پُرکشش علاقے میں واقع یہ گھر جدید طرزِ تعمیر، کشادہ اوپن کچن اور منفرد ڈیزائن کے باعث خاص شہرت رکھتا ہے، جبکہ اسے لندن کی نمایاں رہائش گاہوں میں شمار کیا جاتا ہے۔