ارشد ندیم  کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بڑی خوشخبری مل گئی

 ارشد ندیم  کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بڑی خوشخبری مل گئی

ویب ڈیسک:اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم  کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن (AFP)کی جانب سے عائد تاحیات پابندی پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB)  نے ختم کر دی ہے۔

قومی ہیرو ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے اس پابندی کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے دفاع میں کہا کہ یہ پابندی بغیر دائرہ اختیار، قانونی عمل یا کسی قانونی بنیاد کے جاری کی گئی تھی۔

12 اکتوبر 2025 کو پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن (AFP) نے سلمان اقبال بٹ، جو کہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ ہیں، پر عمر بھر کی پابندی عائد کی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) کے ثالث سینیٹر پرویز رشید نے 13 نومبر 2025 کو جاری ہونے والے فیصلے میں پابندی کو ’غیر قانونی، آئینی، حد سے تجاوز کرنے والی اور ابتدا سے کالعدم‘ قرار دیا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ثالث سینیٹر پرویز رشید نے فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا کہ اے ایف پی نے سلمان بٹ کو کبھی رسمی چارج شیٹ جاری نہیں کی اور نہ ہی انکوائری رپورٹ فراہم کی گئی۔

سلمان بٹ کو اپنا دفاع پیش کرنے یا سننے کا حق بھی نہیں دیا گیا، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 4، 10-A اور 25 کی خلاف ورزی تصور کیا گیا۔ نیز یہ کہ عمر بھر کی پابندی اے ایف پی کے اپنے قواعد کے مطابق حد سے زیادہ اور غیر آئینی تھی، اس لیے اسے ابتداء سے کالعدم قرار دیا گیا۔

فیصلے میں یہ بات بھی شامل کی گئی کہ اے ایف پی کا پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات پر کوئی اختیار نہیں تھا، کیونکہ یہ ایک صوبائی ادارہ ہے اور انتخابات پنجاب اسپورٹس بورڈ اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کی نگرانی میں ہوئے تھے۔

انتخابات کے دوران کسی اعتراض یا قانونی مسئلے کا اندراج نہیں ہوا، اس لیے اے ایف پی کے الزامات کو غیر آئینی قرار دیا گیا۔

پابندی کے نتیجے میں پاکستان کے اعلیٰ کارکردگی والے ایتھلیٹس کی تیاری میں رکاوٹ پیدا ہوئی تھی اور ارشد ندیم کی بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری متاثر ہوئی۔

اس فیصلہ کے بعد سلمان بٹ کے پیشہ ورانہ حقوق اور حیثیت بحال ہو گئی ہے اور وہ دوبارہ اپنے عہدے پر کام کر سکیں گے۔

Watch Live Public News