گوگل میپس میں بیٹری بچانے کیلئے نیا پاور سیونگ موڈ متعارف کرانے کی تیاری

گوگل میپس میں بیٹری بچانے کیلئے نیا پاور سیونگ موڈ متعارف کرانے کی تیاری
کیپشن: گوگل میپس میں بیٹری بچانے کیلئے نیا پاور سیونگ موڈ متعارف کرانے کی تیاری

ویب ڈیسک: گوگل میپس استعمال کرتے ہوئے اگر اسمارٹ فون کی بیٹری ختم ہونے کے قریب پہنچ جائے تو نیوی گیشن جاری رکھنا مشکل ہوجاتا ہے، تاہم گوگل اس مسئلے کے حل کے لیے نئے فیچر پر کام کر رہا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے اینڈرائیڈ ورژن میں پاور سیونگ موڈ متعارف کرانے کی تیاری کی جارہی ہے، جس کا مقصد بیٹری کم ہونے کی صورت میں ایپ کو زیادہ دیر تک چلانے میں مدد دینا ہے۔ یہ فیچر گوگل میپس کے نئے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ پاور سیونگ موڈ فعال ہونے پر میپس کا رنگین انٹرفیس سادہ بلیک اینڈ وائٹ انداز اختیار کرلے گا اور غیر ضروری تفصیلات ہٹا دی جائیں گی۔

اس موڈ میں صرف ضروری نیوی گیشن معلومات، جیسے اگلا موڑ اور باقی سفر کا وقت، اسکرین پر دکھایا جائے گا۔ گلیوں کے نام، ٹریفک کے رنگ اور دیگر اضافی معلومات محدود کردی جائیں گی جبکہ اسکرین پر موجود متن بھی کم ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق نیوی گیشن کے دوران فون کا فزیکل پاور بٹن دبانے سے پاور سیونگ موڈ فعال ہوسکتا ہے۔

 فی الحال یہ فیچر بیٹا کوڈ میں موجود ہے اور حتمی ریلیز سے قبل اس میں تبدیلیاں بھی کی جاسکتی ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا۔

Watch Live Public News