سرینگر میں انٹارکٹیکا سے زیادہ سردی ریکارڈ

سرینگر میں انٹارکٹیکا سے زیادہ سردی ریکارڈ
کیپشن: سرینگر میں انٹارکٹیکا سے زیادہ سردی ریکارڈ

ویب ڈیسک: مقبوضہ کشمیر میں چالیس دنوں پر محیط سخت ترین سردی کا موسم شروع ہوگیا ہے جسے مقامی طور چلہ کلاں کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات  کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی رات، گزشتہ دو دہائیوں کی سرد ترین رات تھی جس کے دوران سرینگر میں درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو 1990 کے بعد دسمبر کا سرد ترین ریکارڈ ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق گزشتہ 133 سالوں میں یہ تیسرا موقعہ ہے جب دسمبر میں درجہ حرارت منفی ساڑھے آٹھ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہو۔ سری نگر میں موسمیاتی مرکز کے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی کشمیر کے شوپیاں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ اننت ناگ میں اس سے بھی زیادہ سردی منفی 10.5 ڈگری سیلسیس تک گر گئی۔

سردی کی شدت کا یہ عالم ہے کہ کشمیر کے کچھ علاقوں میں انٹارکٹیکا سے زیادہ ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ انٹارکٹیکا کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 1 سے منفی 20 ڈگری سیلسیس تک ہے جبکہ کشمیر کے زوجیلا میں درجہ حرارت منفی 23 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ ایسے میں یہ یقینی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ جموں و کشمیر کے کچھ علاقوں میں انٹارکٹیکا سے زیادہ سردی ہے۔

سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سیلسیس، قاضی گنڈ میں منفی 6.2 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں منفی 7.8 ڈگری سیلسیس، کپواڑہ میں منفی 6.4 ڈگری سیلسیس، کوکرناگ میں منفی 6.4 ڈگری سیلسیس، گلمرگ میں منفی 7.4 ڈگری سیلسیس، سونمرگ میں منفی 8.5 ڈگری سیلسیس، زوجیلا میں منفی 23.0 ڈگری سیلسیس، بانڈی پورہ میں منفی 6.4 ڈگری سیلسیس بارہمولہ میں منفی 6.0 ڈگری سیلسیس، بڈگام میں منفی 7.0 ڈگری سیلسیس، گاندربل میں منفی 6.4 ڈگری سیلسیس، پلوامہ میں منفی 8.5 ڈگری سیلسیس، اننت ناگ میں منفی 8.3 ڈگری سیلسیس، کھڈوانی میں منفی 7.1 ڈگری سیلسیس، کولگام میں منفی 6.8 ڈگری سیلسیس، شوپیاں میں منفی 8.8 ڈگری سیلسیس اور لارنو میں منفی 8.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

سردی کی اس شدت کی وجہ سے ڈل جھیل سمیت کئی جھیلوں کے اندرونی کنارے جم گئے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے خبردار بھی کیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران کشمیر کے کئی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔

یاد رہےکہ چلہ کلاں کی مدت ہر سال 21 دسمبر سے 29 جنوری تک ہوتی ہے۔ ’چلّئی کلاں‘ ایک فارسی لفظ ہے جس کا مطلب شدید سردی ہوتا ہے۔ ٹریفک انتظامیہ اور محکمہ صحت نے لوگوں کو ہدایت دی ہے کہ پِھسلن والی سڑکوں پر احتیاط کے ساتھ نکلیں۔ بزرگوں اور بچوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ صبح اور شام کے اوقات میں گھر سے باہر نکلنے کی کوشش نہ کریں۔ 

Watch Live Public News