فرانسیسی خاتونِ اول کو مرد کہنے کا الزام، امریکی میزبان پر مقدمہ دائر

فرانسیسی خاتونِ اول کو مرد کہنے کا الزام، امریکی میزبان پر مقدمہ دائر
کیپشن: فرانسیسی خاتونِ اول کو مرد کہنے کا الزام، امریکی میزبان پر مقدمہ دائر

ویب ڈیسک: فرانس کے صدر ایمانویل میکرون اور ان کی اہلیہ بریجیت میکرون نے امریکی میڈیا میزبان اور قدامت پسند کارکن کینڈس اووَنز کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ یہ مقدمہ امریکہ کی ریاست ڈیلاویئر کی سپیریئر کورٹ میں دائر کیا گیا، جس میں 22 نکات پر مبنی شکایات شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق میکرون خاندان کے وکیل کے مطابق، کینڈس اووَنز نے منظم انداز میں یہ دعویٰ کیا کہ بریجیت میکرون دراصل مرد ہیں۔ انہوں نے یہ سازشی بیانیہ یوٹیوب، انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر ویڈیوز اور مواد کے ذریعے پھیلایا، جس سے میکرون جوڑے کی ساکھ اور نجی زندگی کو شدید نقصان پہنچا۔

مارچ 2024 میں کینڈس اووَنز نے ایک ویڈیو جاری کی جس کا عنوان تھا: "کیا فرانس کی خاتون اول مرد ہیں؟" بعد ازاں انہوں نے ’Becoming Brigitte‘ کے نام سے ایک مکمل ویڈیو سیریز بھی لانچ کی، جو لاکھوں لوگوں تک پہنچی۔

مقدمے میں یہ الزام بھی شامل ہے کہ اووَنز نے ان بے بنیاد دعوؤں کو تجارتی انداز میں استعمال کرتے ہوئے پرنٹڈ کپڑے اور دیگر مصنوعات فروخت کیں، جس سے انہوں نے مالی فائدہ بھی حاصل کیا۔

میکرون خاندان نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً ایک سال تک اووَنز سے رابطے کی کوشش کی اور بارہا انہیں جھوٹا مواد ہٹانے کو کہا، مگر وہ باز نہ آئیں۔ مقدمے میں واضح کیا گیا کہ بریجیت میکرون پیدائشی خاتون ہیں، ان کا صدر میکرون سے کوئی خونی رشتہ یا کوئی "خفیہ ایجنڈا" نہیں۔

اووَنز نے مقدمے کے بعد انسٹاگرام پر میکرون جوڑے کی تصویر کے ساتھ طنزیہ کیپشن لکھا: "آج اس وگ کا بندوبست ہونے جا رہا ہے، تیار رہیں!" جبکہ یوٹیوب پر انہوں نے اس قانونی کارروائی کو "بچگانہ اور مایوس کن PR چال" قرار دیا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ بریجیت میکرون پر جھوٹے الزامات لگے ہوں — 2022 میں بھی انہوں نے دو فرانسیسی خواتین کے خلاف ایسا ہی مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں ابتدائی عدالتی فیصلہ ان کے حق میں آیا تھا۔ وہ معاملہ اب اعلیٰ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

وکیل کلیئر کا کہنا ہے کہ اگر کینڈس اووَنز عدالت میں اپنی بات پر قائم رہیں اور معافی نہ مانگیں، تو ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

Watch Live Public News