امریکی حملہ ناکام،ایران کی جوہری صلاحیت برقرار،میڈیا رپورٹ

امریکی حملہ ناکام،ایران کی جوہری صلاحیت برقرار،میڈیا رپورٹ
کیپشن: امریکی حملہ ناکام،ایران کی جوہری صلاحیت برقرار،میڈیا رپورٹ

ویب ڈیسک: امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ امریکی فضائی حملوں کے باوجود ایران کے جوہری پروگرام کو شدید نقصان نہیں پہنچا۔

تفصیلات  کے مطابق ابتدائی انٹیلی جنس جائزے میں انکشاف ہوا ہے کہ ایران کی جوہری سرگرمیاں صرف چند ماہ کے لیے متاثر ہوئی ہیں جبکہ تنصیبات کو مکمل تباہی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

گزشتہ ہفتے امریکا نے اسرائیل- ایران کشیدگی کے دوران ایرانی جوہری مراکز پر حملہ کیا تھا۔ ان حملوں میں فردو، نطنز اور اصفہان میں واقع تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی یورینیم افزودگی کی صلاحیت مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔

تاہم امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق محکمہ دفاع کی انٹیلی جنس ایجنسی (DIA) کے ابتدائی تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان حملوں سے ایران کا بنیادی جوہری مواد محفوظ رہا۔ رپورٹ سے واقف دو ذرائع کے مطابق ایران کے بیشتر سینٹری فیوجز اب بھی قابل استعمال حالت میں ہیں، اور یورینیم کے ذخیرے کو مکمل طور پر نقصان نہیں پہنچا۔

انٹیلی جنس جائزے کے مطابق، موجودہ شواہد کی بنیاد پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام محض چند مہینے پیچھے چلا گیا ہے۔ البتہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے مزید معلومات دستیاب ہوں گی، اس تجزیے میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔

یہ ابتدائی معلومات صدر ٹرمپ اور امریکی وزیر دفاع کے ان بیانات کے برعکس ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے جوہری عزائم کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

Watch Live Public News