ویب ڈیسک: گجراتی تھیٹر، فلم اور ٹیلی ویژن کے ممتاز اداکار و ہدایتکار اروند ویکاریا 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کے بعد بھارتی شوبز انڈسٹری میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اروند ویکاریا کے انتقال کی خبر نے مداحوں اور فنکار برادری کو غمزدہ کر دیا ہے۔ ان کے بیٹے تنمے ویکاریا، جو مقبول کامیڈی سیریل ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ میں ’’باگھا‘‘ کے کردار سے شہرت رکھتے ہیں، گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران دوسرے بڑے خاندانی صدمے سے دوچار ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ان کی والدہ بھی انتقال کر گئی تھیں۔
’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ کے خالق اور پروڈیوسر اسیت کمار مودی نے اروند ویکاریا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات نہ صرف تنمے ویکاریا اور ان کے اہل خانہ بلکہ پوری بھارتی تفریحی صنعت کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے اروند ویکاریا کو گجراتی تھیٹر اور سنیما کا ایک انتہائی باوقار اور باصلاحیت فنکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ فن و ثقافت کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اسیت مودی کے مطابق اروند ویکاریا نے ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ کے سفر میں بھی بھرپور تعاون کیا اور اپنی رہنمائی، محبت اور خلوص سے ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔
اروند ویکاریا نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے فنی کیریئر میں ’’یشودا‘‘، ’’چھنو چمکلو‘‘ اور ’’روپیو ناچ نچاوے‘‘ جیسی معروف گجراتی پروڈکشنز میں یادگار کردار ادا کیے۔ وہ مقبول سپر ہیرو سیریز ’’شکتیمان‘‘ میں بھی نظر آئے، جبکہ ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ میں ان کی مختصر مگر یادگار پرفارمنس کو بھی مداح آج تک یاد رکھتے ہیں۔
ان کی وفات کے ساتھ گجراتی تھیٹر اور بھارتی تفریحی صنعت ایک تجربہ کار اور قابلِ احترام فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔