ویب ڈیسک: ٹریوس ہیڈ اور ان کی اہلیہ جیسیکا ہیڈ کو انڈین پریمیئر لیگ کے میچ میں ویرات کوہلی کے ساتھ پیش آنے والے تنازع کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور مبینہ دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ واقعہ سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں ویرات کوہلی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل ان کے اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان میدان میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق میچ کے اختتام پر روایتی مصافحے کے دوران ویرات کوہلی نے مبینہ طور پر ٹریوس ہیڈ کے بڑھائے گئے ہاتھ کو نظر انداز کیا، جبکہ دیگر کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا گیا۔
میچ کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے ٹریوس ہیڈ اور ان کی اہلیہ کو نشانہ بناتے ہوئے نازیبا تبصرے اور دھمکی آمیز پیغامات پوسٹ کیے۔
جیسیکا ہیڈ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نہ صرف انہیں بلکہ ان کے دوستوں اور اہلِ خانہ کو بھی نفرت انگیز پیغامات موصول ہوئے۔
“ہم ٹھیک ہیں، لیکن میرے دوستوں اور خاندان کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔”
رپورٹس کے مطابق ٹرولز نے ان کی شادی کی تصاویر پر بھی توہین آمیز تبصرے کیے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کے خلاف آن لائن ہراسانی روکنے کے مطالبات زور پکڑنے لگے ہیں۔