سلمان اکرم راجہ کی علیحدگی کے بعد پارٹی بحران مزید سنگین

سلمان اکرم راجہ کی علیحدگی کے بعد پارٹی بحران مزید سنگین
کیپشن: سلمان اکرم راجہ کی علیحدگی کے بعد پارٹی بحران مزید سنگین

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے پارٹی کے اندرونی اختلافات، قیادت کے رویے اور خاندانی دباؤ کے باعث سیاست کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سلمان اکرم راجہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وکالت کے شعبے میں انہیں سالانہ کروڑوں روپے کی پریکٹس سے محروم ہونا پڑ رہا تھا، جس پر اہلِ خانہ اور قریبی حلقے نالاں تھے۔ اب وہ اپنی مکمل توجہ دوبارہ وکالت پر مرکوز کریں گے۔

قریبی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی میں بڑھتے اختلافات اور گروپ بندی نے سلمان اکرم راجہ کو مایوس کیا۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے رویے اور عمران خان کی بہن علیمہ خانم کی تنقید نے بھی انہیں شدید دلبرداشتہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی میں قیادت کے معاملے پر بشریٰ بی بی اور علیمہ خانم کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے، جس میں سلمان اکرم راجہ نے علیمہ خانم کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ تاہم، اسی گروپ بندی نے انہیں پارٹی میں مزید جگہ نہ دی۔

ادھر تحریک انصاف کی اندرونی ٹوٹ پھوٹ میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ نئے سیکرٹری جنرل کے لیے سردار لطیف کھوسہ کا نام سب سے آگے ہے جبکہ دیگر نام بھی زیر غور ہیں۔ اس سیاسی بحران نے پارٹی کو مزید غیر یقینی صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔

لاہور میں بھی پارٹی مشکلات کا شکار ہے۔ حماد اظہر کے ضمنی انتخاب سے دستبردار ہونے کے بعد حلقہ این اے 129 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے راستہ آسان ہوگیا ہے۔ دوسری جانب عمران خان کے بیٹوں کی سیاست میں شمولیت کے امکانات بھی جمائما گولڈ اسمتھ کے ایک محتاط ٹوئٹ کے بعد ختم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجہ کی علیحدگی تحریک انصاف میں جاری بحران کی ایک اور بڑی کڑی ہے جو پارٹی کو مزید کمزور کر سکتی ہے۔

Watch Live Public News