(ویب ڈیسک ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ کل رات گورنر ہاؤس پنجاب میں خالی کرسیوں کا جم غفیر تھا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بیان میں کہا کہ آصف زرداری صاحب کو انکی سالگرہ مبارک ہو، شکر کریں مینار پاکستان میں جلسے کی خفت سے نجات مل گئی، پیپلز پارٹی کی طرف سے زرداری صاحب کی سالگرہ پر لاہور میں جلسے کا اعلان کیا گیا، پھر اس طرح کا خالی کرسیوں کا جلسہ کرنا زرداری صاحب کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے بھی انکو لاہور میں جلسہ کرنے کا مشورہ دیا اسکی کلاس ہونی چاہیے، کل رات گورنر ہاؤس پنجاب میں خالی کرسیوں کا جم غفیر تھا، کرسیاں دو ہزار تھی اور جلسے میں بندے ڈیڑھ سو تھے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں چوتھے نمبر پر لانے والے وہی لوگ ہیں جو اپنی پارٹی قیادت کو گراؤنڈ حقیقت سے غلط رپورٹیں دیتے، پیپلز پارٹی کی پنجاب والی قیادت کا پارٹی سے زیادہ پنجاب حکومت پر فوکس ہے، یہ لوگ جتنی توجہ پنجاب حکومت پر مرکوز رکھتے اتنی اپنی پارٹی پر توجہ دیتے تو آج پنجاب میں پیپلز پارٹی کا یہ حال نہ ہوتا۔