ویب ڈیسک:(محمد شکیل) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے کھیل کو مزید تیز، منصفانہ اور دلچسپ بنانے کے لیے کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں۔ ان نئے قوانین کا اطلاق فوری طور پر عالمی کرکٹ میں ہو چکا ہے۔
1۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اسٹاپ کلاک کا نفاذ
کرکٹ میں وقت کے ضیاع کو روکنے کے لیے اسٹاپ کلاک کا قانون نافذ کر دیا گیا ہے۔ اب ہر اوور کے بعد فیلڈنگ ٹیم کو اگلا اوور ایک منٹ کے اندر شروع کرنا ہوگا۔
پہلی اور دوسری خلاف ورزی پر وارننگ دی جائے گی۔تیسری بار خلاف ورزی پر باؤلنگ ٹیم پر 5 رنز کی پنالٹی عائد ہوگی۔
2۔ گیند پر جان بوجھ کر تھوک لگانے پر سخت سزا
گیند پر تھوک لگانے کی ممانعت پہلے سے موجود تھی لیکن اب اگر کوئی باؤلر جان بوجھ کر گیند پر تھوک لگائے گا اور گیند کی ساخت متاثر ہوئی تو بیٹنگ ٹیم کو 5 رنز بطور پنالٹی دیئے جائیں گے،گیند تبدیل نہیں کی جائے گی۔
3۔ شارٹ رن پر بیٹرز کو جرمانہ،اسٹرائیک کا فیصلہ
شارٹ رن لینے کی کوشش اب مہنگی پڑ سکتی ہے،امپائر کو اختیار ہوگا کہ بیٹنگ سائیڈ پر 5 رنز کی پنالٹی عائد کرے،فیلڈنگ سائیڈ یہ فیصلہ کرے گی کہ اگلی گیند پر کون سا بیٹر اسٹرائیک پر ہوگا۔
4۔ فیئر کیچ ریویو کا دائرہ وسیع
اب کیچ اور نوبال کا فیصلہ تھرڈ امپائر کرے گا،نوبال پر اگر کیچ درست ہو تو بیٹنگ ٹیم کو صرف دوڑے گئے رنز ملیں گے اگر کیچ ناحق ہو تو ایک اضافی رن دیا جائے گا۔
5۔ کمبائینڈ ریویو کی ترتیب میں تبدیلی
ایل بی ڈبلیو اور رن آؤٹ پر مشترکہ اپیل کی صورت میں پہلے ایل بی ڈبلیو چیک کیا جائے گا اگر بیٹر آؤٹ ہوا تو گیند ڈیڈ قرار دی جائے گی اور اگر آؤٹ نہ ہوا تو پھر رن آؤٹ چیک کیا جائے گا۔
6۔ ڈی آر ایس پروٹوکول میں نیا اضافہ
اب کیچ کی اپیل کے ساتھ ساتھ امپائر ایل بی ڈبلیو چیک بھی کر سکے گا اگر امپائر کال آؤٹ ہوئی تو ایل بی ڈبلیو میں بیٹر کو آؤٹ قرار دیا جائے گا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ان نئے قوانین سے کھیل مزید منظم، تیز رفتار اور شفاف بنے گا، جس سے نہ صرف شائقین کو بہتر تجربہ حاصل ہوگا بلکہ کھلاڑیوں کے لیے بھی چیلنجز اور مواقع میں اضافہ ہوگا۔