ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر شہری کے لیے اپنا گھر بنیادی حق ہے اور آسان شرائط پر ہاؤسنگ قرضے فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انھوں نے رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اجلاس کی صدارت کی، جس میں تعمیراتی شعبے پر قائم ٹاسک فورس اور ورکنگ گروپس نے تجاویز پیش کیں اور کم لاگت گھروں کی فراہمی اور شعبے میں روزگار کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں تیزی سے ملک میں لاکھوں نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اور سمندر پار پاکستانیوں و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل قانونی و انتظامی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے ایک قابلِ عمل حکمتِ عملی مرتب کی جائے تاکہ فوری عملدرآمد ممکن ہو سکے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں وسیع سرمایہ کاری کی صلاحیت موجود ہے، جس سے معیشت کو مستحکم کرنے کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔