ملک بھر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان،چند مقامات پربارش کی توقع

ملک بھر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان،چند مقامات پربارش کی توقع
کیپشن: ملک بھر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان،چند مقامات پربارش کی توقع

ویب ڈیسک: ملک کے اکثر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔تاہم محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے کچھ علاقوں میں تیزگردآلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام اور رات میں گلگت بلتستان ، کشمیر ، خیبرپختونخوا ، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور شمالی اور جنوب مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔ 

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، محکمہ موسمیات     

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم شام کو کوئٹہ، ژوب، موسی خیل، سبی، بولان اور گردونواح میں تیز گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کوہلو، بارکھان، خضدار، آواران، لورالائی، لسبیلہ اور گردونواح میں بھی تیز گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور قلات میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 اور ژوب میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  کیا گیا ہے۔سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 اور تربت میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 اور چمن میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  کیا گیا ہے۔ گوادر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور جیوانی میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخواہ کے اکثراضلاع میں بارش کا کوئی امکان نہیں:

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے اکثر اضلاع میں بارش کا کوئی امکان نہیں، موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے ۔خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہے گا، بعض مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بعض مقامات پر ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت میدانی اضلاع میں گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے جنوبی اور میدانی اضلاع میں شام کے وقت تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، ٹانک اور دیگر اضلاع میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کوہستان میں سب سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 شہر قائد میں گرمی کی شدت میں اضافہ،پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جائے گی۔سمندری ہوائیں بند رہیں گی،تیز دھوپ کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہے گا۔موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ،شدت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہورہی ہے۔مغربی سمت سے 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

Watch Live Public News