دبئی پولیس نے 3 سالہ بچی کی پولیس افسر بننے کی معصوم خواہش پوری کردی

دبئی پولیس نے 3 سالہ بچی کی پولیس افسر بننے کی معصوم خواہش پوری کردی

(ویب ڈیسک )   دبئی پولیس کی جانب سے  3 سالہ بچی کی پولیس افسر بننے کی انوکھی خواہش پوری کر دی گئی۔

دبئی پولیس نے انسانیت اور کمیونٹی سے وابستگی کی ایک دل کو چھو لینے والی مثال قائم کرتے ہوئے3 سالہ سارہ نبیل احمدی کی خواہش پوری کر دی، جس نے پولیس کی وردی پہننے اور دبئی کی پیٹرولنگ گاڑیوں میں گشت کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

سارہ  نے  مقامی اسپتال میں منعقدہ کمیونٹی ایونٹ کے دوران اپنا خواب بتایا کہ وہ ایک "ننھی پولیس آفیسر" بننا چاہتی ہے۔ جس پر اسکول سیکیورٹی انیشی ایٹو ٹیم نے فوری طور پر سارہ کا خواب حقیقت میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔

سارہ اور اس کے اہلِ خانہ کو دبئی پولیس ہیڈکوارٹر میں خوش آمدید کہا گیا، جہاں کیپٹن ماجد بن سعد الکعبی (سربراہ اسکول سیکیورٹی انیشی ایٹو ٹیم)، لیفٹیننٹ مریم عیسیٰ سنقور (ڈپٹی ہیڈ)، اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ 

سارہ کو ایک یادگاری تحفہ اور بچوں کے سائز کی دبئی پولیس کی وردی پیش کی گئی، جس کے بعد اُسے دبئی پولیس کی لگژری پیٹرول گاڑیوں میں شہر کا دورہ کروایا گیا، اور اس موقع پر یادگار تصاویر بھی لی گئیں۔

اس حوالے سے کیپٹن الکعبی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دبئی پولیس کی مثبت کمیونٹی انگیجمنٹ اور بچوں میں خوشی، محبت اور قومی وابستگی کے جذبے کو پروان چڑھانے کے عزم کا عکاس ہے۔

Watch Live Public News