(ویب ڈیسک ) جاپان میں ایک خاتون کو بیٹی کی لاش کو 20 سال تک فریزر میں رکھنے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جاپان میں 75 سالہ خاتون کو بیٹی کی لاش کو 2 دہائیوں تک فریزر میں رکھنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس نے بتایا ہے کہ خاتون نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کے روز ایباراکی پریفیکچر میں کیکو موری نامی خاتون کے گھر کے فریزر سے ایک بالغ خاتون کی لاش ملی۔ خاتون ملزمہ نے بتایا کہ یہ لاش اس کی بیٹی ماکیکو کی ہے جو 1975ء میں پیدا ہوئی تھی اور اگر ابھی وہ زندہ ہوتی تو اس کی عمر 49 یا 50 سال ہوتی۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ خاتون منگل کے روز خود اپنے ایک رشتہ دار کے ہمراہ پولیس کے پاس یہ اطلاع دینے آئی تھی کہ اس نے لاش کو فریزر میں رکھا ہوا ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمہ نے بتایا کہ بیٹی کی لاش سے گھر میں بو بھر رہی تھی اس لیے اس نے فریزر خریدا اور بیٹی کی لاش کو اندر رکھ دیا۔