ویب ڈیسک: بھارتی سپر اسٹار سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز ہونے والا انکی اپ کمنگ فلم ' سکندر' کا ٹیزر التوا کا شکار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ان دنوں بالی وڈ متوالوں میں سلمان خان کی فلم ' سکندر' کے خوب چرچے ہورہے ہیں جس میں انکے ساتھ ساؤتھ فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ رشمیکا مندانا اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’ سکندر‘ میں سلمان خان ایک مغرور اور خوددار شخصیت کے طور پر نظر آئیں گے، جو ’ سکندر’ کے کردار کی اصل عکاسی کرے گا جبکہ اس فلم میں ان کے کردار کو شاہانہ پس منظر اور غرور و غصے کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
مزید برآں زیر گردش خبروں کے مطابق سلمان خان نے فلم کے ایکشن مناظر کے لیے ’مشن امپاسیبل’ سیریز کے اسٹنٹ کوآرڈینیٹرز کے ساتھ کام کیا ہے، جو فلم میں زبردست ایکشن سینز کی ضمانت ہے۔
رواں ماہ انڈین فلم انڈسٹری کے مایہ ناز فلم ساز ساجد ناڈیاڈوالا نے سلمان خان کی سالگرہ کو خاص بنانے کیلئے ‘ فلم سکندر ‘ کے حوالے سے اسپیشل اناؤنسمنٹ کی تھی۔
ڈائریکٹر اے آر مروگاداس کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ' سکندر' کے ٹیزر ریلیز کو سلمان خان کی سالگرہ یعنی 27 دسمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے فینز اس تاریخ کے آنے کے منتظر تھے لیکن اب ٹیزر ریلیز ملتوی کردی گئی ہے۔
ٹیزر ریلیز کی تاریخ آگے بڑھانے کی وجہ فلم میکرز کی جانب سے کوئی کوتاہی نہیں بلکہ بھارت کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی 26 دسمبر کی رات ہونے والی موت بنی۔
جہاں رات میں یہ خبر بھارتی نیوز چینلز پر چلائی گئی وہیں بھارت میں سوگ کا سماں ہوگیا جس کے بعد ' سکندر' کی ٹیم نے بھی احتراماً ریلیز ڈیٹ کو آگے بڑھانے کا فیصلہ لے لیا ہے۔
ناڈیاڈوالا گرینڈسن انٹرٹینمنٹ کے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق ' سکندر' کا ٹیزر اب اصل ڈیٹ کے ایک دن بعد 28 دسمبر کو فینز کیلئے پیش کیا جائیگا۔
پوسٹ میں لکھا کہ 'ہمارے سابق وزیرِ اعظم منموہن سنگھ کی موت کے سبب ہم افسوس کے ساتھ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ سکندر کا ٹیزر 28 دسمبر کو صبح 11 بج کر 7 منٹ پر ریلیز کیا جائیگا'۔
واضح رہے کہ ایکشن سے بھرپور تفریحی فلم ' سکندر' سال 2025 میں عید کے تہوار پر ریلیز کی جائے گی۔