دنیا کی پہلی AI وزیر''حاملہ'' ہوگئی،83ڈیجیٹل بچوں کو جنم دے گی

دنیا کی پہلی AI وزیر''حاملہ'' ہوگئی،83ڈیجیٹل بچوں کو جنم دے گی
کیپشن: دنیا کی پہلی AI وزیر''حاملہ'' ہوگئی،83ڈیجیٹل بچوں کو جنم دے گی

ویب ڈیسک: البانیا کے وزیراعظم نے حیران کن اعلان کرتے ہوئے دنیا کی پہلی AI وزیر کے حاملہ ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ جو کہ جلد 83 ڈیجیٹل بچوں کو جنم دیں گی۔

تفصیلات کے مطابق البانیا کے وزیراعظم ایڈی راما نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت پر مبنی وزیر دیئیلا جلد 83 ڈیجیٹل بچوں کو جنم دیں گی۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دیئیلا کے تمام بچے ارکان پارلیمنٹ کیساتھ ذاتی معاونین کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے۔ چاہے کوئی رکن کچھ دیر کیلئے ایوان سے باہر ہی کیوں نہ چلا جائے یہ معاونین نہ صرف سیشنز میں موجود رہیں گے بلکہ نوٹس، تجاویز اور اپ ڈیٹس بھی فراہم کریں گے۔ 

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہر معاون اے آئی کے پاس یورپی یونین کے قوانین سے متعلق تمام معلومات موجود ہوں گی۔ جو کہ ارکان کو دوران بحث فوری ردعمل دینے اور فیصلے لینے میں مدد فراہم کرے گی۔ 

اے آئی وزیر کون ہیں؟

دیئیلا کو ستمبر 2025 میں متعارف کرایا گیا۔ وہ دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت کی وزیر ہیں جو البانیا کے پبلک پروکیورمنٹ سسٹم کی نگران ہیں۔ حکومت کے مطابق اس اقدام سے شفافیت بڑھے گی اور بڑے فیصلوں میں انسانی تعصب کم ہو گا۔

حزب اختلاف نے اس منصوبے کو ٹیکنالوجی کا تماشہ قرار دیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ سیاسی فیصلوں میں مصنوعی ذہانت پر انحصار خطرناک ہو سکتا ہے کیونکہ موجودہ قانونی نظام انسانوں کے لیے بنایا گیا ہے نہ کہ الگورتھمز کے لیے۔

ایڈی راما کا کہنا ہے کہ دیئیلا اور اس کا ڈیجیٹل خاندان حکومت کے کام کرنے کا انداز بدل دے گا۔ انہوں نے کہا مصنوعی ذہانت اب کہانی نہیں رہی، یہ البانیا کی نئی حقیقت ہے۔

Watch Live Public News