(ویب ڈیسک) گوگل نے اینڈرائیڈ آٹو (Android Auto) کے لیے اپنے نیویگیشن سسٹم ' گوگل میپس' میں ایک مفید اور اہم فیچر متعارف کرایا ہے، جو ڈرائیونگ کے دوران آنے والے چوراہوں، ٹریفک سگنلز اور اسٹاپ سائنز کے بارے میں ڈرائیورز کو پیشگی الرٹ فراہم کرے گا۔
ٹیک ویب سائٹ نائن ٹو فائیو گوگل کے مطابق اینڈرائیڈ آٹو پر اب ڈرائیورز کو اسکرین پر ایک نمایاں پوپ اپ (Pop-up) نوٹیفکیشن موصول ہوگا جو آنے والے چوراہے (Intersection) پر موجود ٹریفک سگنل یا اسٹاپ سائن سے پہلے ہی خبردار کر دے گا۔
اگرچہ گوگل میپس اگست 2020 سے نقشے پر ٹریفک سگنلز دکھا رہا ہے، تاہم پہلے یہ معلومات نقشے پر اسٹیٹک ہوتی تھیں۔ اب یہ نیا نظام اسکرین پر حرکت پذیر پوپ اپ کے ذریعے ڈرائیور کو الرٹ کرے گا، جس سے اسٹاپ سائنز کی نادانستہ خلاف ورزی یا اچانک بریک لگانے کے واقعات سے بچا جا سکے گا۔
یہ فیچر طویل سفر اور بالخصوص ایسے علاقوں میں انتہائی مددگار ثابت ہوگا جہاں کے راستوں سے ڈرائیور واقف نہ ہوں۔ یہ فیچر سرور سائیڈ اپ ڈیٹ کے ذریعے بتدریج تمام صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے۔
گوگل میپس 2026 میں جیمنائی (Gemini) اور جدید ٹولز:

سال 2026 کے لیے گوگل نے اپنے جدید ترین اے آئی ماڈل ’جیمنائی‘ کو میپس کا حصہ بناتے ہوئے بات چیت کے انداز میں نیویگیشن (Conversational Navigation) کا آغاز کیا ہے۔
روٹس کوتھری ڈی ویژولائزیشن کے ذریعے زیادہ حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، جس میں ’اسمارٹ زوم‘ اور سامنے آنے والی بڑی عمارتوں کو نیم شفاف (Transparent) کرنے کی سہولت شامل ہے تاکہ سڑک کا منظر واضح رہے۔
وائس گائیڈنس (Voice Guidance) کو پہلے سے زیادہ قدرتی اور واضح بنا دیا گیا ہے، جبکہ اپ ڈیٹ شدہ اسٹریٹ ویو سفر شروع ہونے سے قبل ہی منزل کی تفصیلات اور پہنچنے پر پارکنگ کی تجاویز بھی فراہم کرے گا۔
اب میپس جب بھی کوئی متبادل راستہ تجویز کرے گا، تو ساتھ واضح وجہ بتائے گا کہ آیا نیا راستہ ٹول ٹیکس کی وجہ سے تیز ہے یا ٹریفک کے باعث زیادہ طویل ہے۔
اینڈرائیڈ آٹو کو بھی میٹریل تھری (Material 3) کے ڈیزائن کے تحت ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے، جس میں نئے ویجیٹس اور کار اسکرین پر ویڈیو ایپس تک رسائی جیسی سہولیات شامل ہوں گی جو آئندہ چند ماہ میں صارفین کے لیے دستیاب ہوں گی۔