(ویب ڈیسک ) روسی صدر پوٹن نے عارضی جنگ بندی کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کریملن نے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی 8 مئی کی صبح سے 11 مئی تک جاری رہے گی، جو کہ دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کی فتح کی تقریبات کے دوران ہو گی۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر پوٹن نے یہ جنگ بندی "انسانی ہمدردی کی بنیاد پر" کی ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روس کا خیال ہے کہ یوکرین کو اس جنگ بندی کی پیروی کرنی چاہیے۔ اگر یوکرین نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تو روسی مسلح افواج "مناسب اور موثر جواب" دینے کے لیے تیار ہیں۔ مزید یہ کہ روس نے پیشگی شرائط کے بغیر امن مذاکرات کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد یوکرائنی بحران کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنا اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری بات چیت کرنا ہے۔
خیال رہے کہ کریملن نے ایسٹر کے دوران بھی 30 گھنٹے کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا لیکن دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر سینکڑوں خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا تھا۔
یاد رہے کہ روس نے 24 فروری 2022 کو یوکرین پر حملہ کیا تھا، اور اس وقت یوکرین کے تقریباً 20 فیصد علاقے پر روس کا کنٹرول ہے، جس میں 2014 میں روس کے ساتھ الحاق شدہ جزیرہ نما کریمیا بھی شامل ہے۔ اس جنگ میں لاکھوں افراد ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر فوجی ہیں۔