ویب ڈیسک: ملک بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں یکم ستمبر سے خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گا، مہم کے دوران 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اس مہم میں 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے، جو پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں گھر گھر جا کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
یہ مہم ایک انتہائی اہم موقع پر شروع کی جا رہی ہے، جب کہ پاکستان کے مختلف اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں، اس صورتِ حال کے پیشِ نظر، پولیو اور دیگر ویکسین سے قابلِ بچاؤ بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ہمارے ساتھ مل کر والدین کو آگاہی دیں کہ ویکسین کیوں ضروری ہے، اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ہر بچے کو ہر مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے لازمی دیے جائیں ۔
اور ساتھ ساتھ ان کا حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی بروقت مکمل کروایا جائے۔