ویب ڈیسک: قصور میں حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں سالانہ عرس کے موقع پر 29 اگست بروز ہفتہ مقامی تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تعطیل ڈپٹی کمشنر قصور کے ماتحت ضلعی دفاتر اور متعلقہ سرکاری اداروں پر لاگو ہوگی۔
حضرت بابا بلھے شاہؒ کا تین روزہ سالانہ عرس قصور میں جاری ہے، جس میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں زائرین کی شرکت متوقع ہے۔
عرس کی تقریبات میں مزار شریف کا غسل، محفل سماع، نعت خوانی، کلامِ بلھے شاہؒ، تقاریر، مشاعرہ، دھمال اور ہیر وارث شاہ گائیکی کا مقابلہ شامل ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق زائرین کی سکیورٹی، صفائی اور دیگر سہولیات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی، اوقاف، لیسکو، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے اہلکار بھی ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔