نیپال میں 100 روپے کے نئے کرنسی نوٹ نے بھارت میں کھلبلی مچادی

نیپال میں 100 روپے کے نئے کرنسی نوٹ نے بھارت میں کھلبلی مچادی
کیپشن: نیپال میں 100 روپے کے نئے کرنسی نوٹ نے بھارت میں کھلبلی مچادی

ویب ڈیسک: نیپال کے مرکزی بینک نے 100 روپے مالیت کا نیا کرنسی نوٹ جاری کردیا ہے، جس میں ملک کا ترمیم شدہ نقشہ شامل کیے جانے پر بھارت میں شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے نوٹ میں کالاپانی، لیپولیکھ اور لمپیادھورا جیسے علاقے دکھائے گئے ہیں، جو طویل عرصے سے نیپال اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع کا حصہ ہیں۔ نئے نوٹ کے اجرا کے بعد بھارتی میڈیا اور حکام نے اسے ’’یکطرفہ اقدام‘‘ قرار دیتے ہوئے سخت اعتراض اٹھایا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیپال راسٹرا بینک کے اس نوٹ پر سابق گورنر مہا پرساد ادھیکاری کے دستخط موجود ہیں، جبکہ نوٹ کے اجرا کی تاریخ 2081 BS درج ہے، جو عیسوی سال 2024 کے مساوی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 100 روپے کے اس نئے ڈیزائن کی منظوری گزشتہ برس دی گئی تھی، اسی لیے نوٹ پر 2024 کا سال درج ہے۔

واضح رہے کہ 2020 میں اس وقت کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی کی حکومت نے ایک ترمیم شدہ نقشہ جاری کرتے ہوئے لیپولیکھ، لیمپیادھورا اور کالاپانی کو آئینی طور پر نیپال کا حصہ قرار دیا تھا، جس کی بعد ازاں پارلیمنٹ نے بھی منظوری دی تھی۔ نئے نوٹ میں اسی نقشے کو شامل کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس سابق وزیر اعظم پشپا کمال ڈھال کی منظوری کے بعد اس نوٹ کے ڈیزائن کو حتمی شکل دی گئی تھی، جو اب باضابطہ طور پر گردش کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے نوٹ کی پشت پر موجود پرانا نقشہ ہٹا کر نیا نقشہ شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت نے ایک بار پھر مؤقف اپنایا ہے کہ لیپولیکھ، کالاپانی اور لمپیادھورا اس کے علاقے ہیں۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق نیپال کی جانب سے نقشے کی تبدیلی کو کرنسی کا حصہ بنانا یکطرفہ اور ناقابلِ قبول اقدام ہے، اور ’’مصنوعی طور پر بڑھائے گئے علاقائی دعوے‘‘ حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

Watch Live Public News