وسیم اکرم ، وقار یونس  نے پاکستانی بولرز کو ابھشیک شرما کو جلد آؤٹ کرنے کا مشورہ دے دیا

وسیم اکرم ، وقار یونس  نے پاکستانی بولرز کو ابھشیک شرما کو جلد آؤٹ کرنے کا مشورہ دے دیا

(ویب ڈیسک ) پاکستان کے سابق کرکٹرز وقار یونس اور وسیم اکرم نے ہفتہ کے روز موجودہ قومی ٹیم کے بولرز کو مشورہ دیا کہ وہ اتوار کو دبئی میں ہونے والے ٹی20 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خطرناک اوپنر ابھشیک شرما کو جلد آؤٹ کرنے کی منصوبہ بندی کریں۔

خیال رہے کہ ابھشیک شرما شاندار فارم میں ہیں اور اب تک 6 اننگز میں 309 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جن کا اسٹرائیک ریٹ 204.63 ہے۔

ابھشیک نے پاکستان کے خلاف سپر 4 کے میچ میں 39 گیندوں پر 74 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی تھی جبکہ لیگ مرحلے میں بھی 31 رنز بنائے تھے۔

سابق کرکٹر وقار یونس کا کہنا ہے کہ ابھشیک ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے اور پاکستانی بولرز کو چاہیے کہ وہ فائنل کے دباؤ کو اس کے خلاف استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ  "ابھشیک واقعی ایک زبردست ٹیلنٹ ہے اور ابتدائی اوورز میں میچ کا رخ بدل سکتا ہے، لیکن ہر کھلاڑی کی کوئی نہ کوئی کمزوری ہوتی ہے، اور اگرچہ وہ اچھی فارم میں ہے، لیکن ہر کسی کا ایک برا دن آتا ہے، شاید وہ اتوار کو ہو۔"

وقار یونس نے کہا کہ  " فائنل میں ابھشیک پر دباؤ ہو گا، اس لیے اگر پاکستانی بولرز واضح حکمت عملی کے ساتھ بولنگ کریں تو وہ اُسے جلد آؤٹ کر سکتے ہیں۔"

وسیم اکرم نے مشورہ دیا کہ شاہین آفریدی کو ابھشیک کو پریشان کرنے کے لیے اپنی گیند کی لینتھ بدلنی چاہیے۔ "دونوں میچوں میں شاہین نے فل لینتھ پر گیند کی، لہٰذا اب اُسے چاہیے کہ وہ بیک آف لینتھ پر گیند کرے اور گیند کو موومنٹ دے۔"

سابق فاسٹ بولرمحمد عامر نے کہا کہ اگر وہ بولنگ کرتے تو ابھشیک شرما کے اسٹمپس کو نشانہ بناتے۔ چار سے پانچ میٹر کے فاصلے پر سوئنگ کرتی ہوئی گیند ڈالیں، جو ایج کروا سکتی ہے۔ میں نے دیکھا ہے کہ مچل اسٹارک نے آئی پی ایل میں اُسے ایک آؤٹ سوئنگر پر آؤٹ کیا جو مڈل اور آف سے باہر گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سلو گیندیں بھی ابھشیک کے خلاف مؤثر ہو سکتی ہیں۔ابھشیک سخت ہاتھوں سے کھیلتا ہے، اس لیے اگر کوئی درست سلو گیند پھینکی جائے تو اس کا شاٹ ہوا میں جا سکتا ہے، اور کیچ ہو سکتا ہے۔

سابق فاسٹ بولر محمد آصف کا کہنا ہے کہ ابھشیک کو جلد آؤٹ کرنا ممکن ہے۔آپ کو ہر بلے باز کو سمجھنا ہوتا ہے۔ اگر آپ اُسے ایک ہی جگہ تین گیندیں کروائیں تو میں شرط لگا سکتا ہوں کہ وہ پہلی دو گیندیں کھیلے گا اور تیسری پر آؤٹ ہو جائے گا۔ لیکن اگر آپ ہر گیند مختلف کر کے حد سے زیادہ کوشش کریں گے، تو کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔

Watch Live Public News