ویب ڈیسک: ملک کے بیشتر علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، پنجاب کے کئی شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ خیبر پختونخوا کے بیشتراضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے،خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت میدانی اضلاع میں وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، چارسدہ، مردان صوابی اور دیگر میدانی علاقوں میں حبس میں اضافہ ہوگیا۔صوبائی دارالحکومت پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 35 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے،پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا،خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر ژالہ باری ہوسکتی ہے،آئندہ 24 گھنٹوں میں ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا،خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈی آئی خان، بنوں کوہاٹ اور دوسرے جنوبی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ڈی آئی خان میں سب سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بارش کاکول میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،حالیہ بارشوں کا سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب کے کئی شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، جس کا باقاعدہ الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کراچی سمیت سندھ میں مزید بارشیں متوقع ہیں، حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، گھوٹکی اور تھرپارکر میں بادل برسیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے سے ٹیلیفونک رابطے کر کے ملک بھر میں بالخصوص بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومتوں سے اس حوالے سے رابطہ مزید فعال کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے موبائل فون میسج کے ذریعے شہریوں کو موسمی صورتحال کی پیشگی اطلاع دینے کی بھی ہدایت کی۔