لیونل میسی نے نیا ورلڈ کپ ریکارڈ قائم کر دیا

لیونل میسی نے نیا ورلڈ کپ ریکارڈ قائم کر دیا
کیپشن: لیونل میسی نے نیا ورلڈ کپ ریکارڈ قائم کر دیا

ویب ڈیسک: دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ کے اپنے آخری گروپ میچ میں اردن کو 1-3 سے شکست دے کر گروپ مرحلہ ناقابلِ شکست انداز میں مکمل کر لیا۔ ارجنٹائن نے اپنے تینوں میچز جیت کر بھرپور انداز میں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اردن کے خلاف کامیابی میں کپتان لیونل میسی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ میچ میں اپنا پہلا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرتے ہی میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا۔

میسی ورلڈ کپ کے دوران مسلسل سات میچز میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔ اس کارنامے کے ساتھ انہوں نے فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائرزینہو کا مسلسل چھ میچز میں گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

لیونل میسی کے مسلسل گول کرنے کا سلسلہ 2022 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف پری کوارٹر فائنل سے شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے نیدرلینڈز، کروشیا اور فرانس کے خلاف بھی گول کیے اور ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

رواں ورلڈ کپ میں میسی نے افتتاحی میچ میں الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور کی، آسٹریا کے خلاف دو گول کیے، جبکہ اردن کے خلاف بھی ایک گول کر کے اپنی شاندار فارم برقرار رکھی۔

اس گول کے ساتھ لیونل میسی کے ورلڈ کپ میں مجموعی گولز کی تعداد 19 ہو گئی، اور وہ میگا ایونٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فرانس کے جسٹ فونٹین نے 1958 کے ورلڈ کپ جبکہ برازیل کے جائرزینہو نے 1970 کے ورلڈ کپ میں مسلسل چھ میچز میں گول کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

Watch Live Public News