آزاد کشمیر انتخابات: پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر ڈاکٹر محمد خان کا  مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان

آزاد کشمیر انتخابات: پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر ڈاکٹر محمد خان کا  مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان

(ویب ڈیسک )آزاد کشمیر میں  انتخابات  ہونے جا رہے ہیں ،ایسے میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹوں کے فیصلوں کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔

حلقہ وسطی باغ میں مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، پارٹی صفوں میں اہم دراڑ پڑ گئی۔پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔انہوں نے مسلم لیگ ن کی بنیادی رکنیت سے فوری استعفیٰ دے دیا۔

سابق امیدوار ایل اے 15 باغ ڈاکٹر محمد خان نے استعفیٰ صدر ن لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کو بھجوا دیا۔

اس حوالے سے ڈاکٹر محمد خان  کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے میرٹ کے برعکس فیصلہ کیا، ہزاروں کارکن مایوس ہوئے، ایل اے 15 باغ سے عوام کی بھرپور حمایت کے باوجود پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا،ووٹ کو عزت دوکے نعرے کے برعکس فیصلے نے کارکنوں کو مایوس کیا۔

استعفے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارٹی نے میرٹ، شفافیت اور جمہوری اصولوں سے انحراف کیا۔انہوں نے کہا کہ ناانصافی اور میرٹ کی پامالی کے باعث پارٹی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ کیا۔

ڈاکٹر محمد خان نے مسلم لیگ ن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کے ہمراہ مسلم لیگ ن باغ کے درجنوں مرکزی عہدیداران اور رہنما آج نئی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن حلقہ باغ سے سابق وزیر حکومت مشتاق احمد منہاس کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

وسطی باغ سے ن لیگ کے اہم رہنماؤں نے مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ دیا۔راجہ یاسین ، بریگیڈیئر ڈاکٹر محمدخان، راجہ نثار احمد شائق، راجہ سعید انقلابی ، رانا عبدالستار ،راجہ داؤد سمیت سینکڑوں کارکنوں نے ن لیگ چھوڑ دی۔

Watch Live Public News