اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) رکن اسمبلی چوہدری عاصم نذیر ن لیگ میں شامل ہوگئے ہیں، عاصم نذیر نے عدم اعتماد کی تحریک میں شہباز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو ایک اور جھٹکا ، فیصل آباد سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی چوہدری عاصم نذیر پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں ، عاصم نذیر نے پارلیمانی سیکرٹری کے عہدے سے بھی استعفی دے دیا ہے۔ عاصم نذیر نے عدم اعتماد کی تحریک میں مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان بھی کردیا ہے۔ خیال رہے کہ عاصم نذیر نے کل پارلیمنٹ ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات بھی کی تھی اور ملاقات کے دوران عاصم نذیر نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ عاصم نذیر کے آنے سے اپوزیشن اراکین کی مجموعی تعداد 167 ہوجائے گی، عاصم نذیر کے ن لیگ میں آنے سے مسلم لیگ ن کے اراکین کی تعداد 85 ہوجائے گی۔