ویب ڈیسک: پاکستان 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کی وزرائے خارجہ کونسل کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے 29ویں ای سی او COM اجلاس میں پاکستان کا انتخاب متفقہ طور پر عمل میں آیا۔ اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی، جن کی قیادت میں پاکستان کو یہ اہم منصب حاصل ہوا۔
ای سی او کے رکن ممالک نے پاکستان کو چیئرمین شپ ملنے پر مبارک باد دی، جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعتماد اور تعاون پر تمام وزرائے خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ پاکستان 2026 میں ای سی او کونسل آف منسٹرز کے اگلے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
اجلاس سے اپنے ورچوئل خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان 2026 میں ہونے والے ای سی او COM اجلاس کے لیے تمام رکن ممالک کو خوش آمدید کہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی سلامتی کئی چیلنجز سے دوچار ہے اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے ان سکیورٹی خدشات کا حل تلاش کرنا ضروری ہے۔