وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو پاکستان کی معیشت کے لئے مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پروگرام کی بحالی کے لئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان مشکل معاشی امتحان سے سرخرو ہو کر نکلا ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام ایک مرحلہ ہے لیکن پاکستان کی منزل معاشی خود انحصاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔ پروگرام کی بحالی کے لئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو اور آئندہ پاکستان کو کبھی اس کی ضرورت نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے پرامید ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت کی طرح ایک بار پھر آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ الحمدللہ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کیلئے توسیع پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اب 1.17 بلین ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں اقساط وصول ہو ں گی ۔ میں وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اتنے سخت فیصلے لئے اور پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، میں قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔