لاہور: انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پولیس فورس نے عشرہ محرم کے دوران 35 ہزار 919 مجالس، 9092 عزاداری جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وائرلیس پیغام میں سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں حالات پُرامن رہے، کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ کسی بھی جگہ پیش نہیں آیا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی، مشیران،صوبائی وزرا، علاقائی نمائندوں نے سکیورٹی انتظامات میں پنجاب پولیس کو بہترین رہنمائی فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جانفشانی سے فرائض سر انجام دینے پر سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت پنجاب پولیس کے تمام آپریشنل یونٹس تحسین کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس کو عشرہ محرم الحرام کے مقدس پروگراموں کی سکیورٹی یقینی بنانے میں پاک فوج اور رینجرز کا تعاون حاصل رہا ہے، شہریوں، مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام، اداروں اور میڈیا کے بھر پور تعاون پر شکرگزارہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں۔