ویب ڈیسک: روس کے مشرق میں 8.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی ہے۔ خوفناک زلزلے کے بعد امریکہ، جاپان اور روس کیلئے سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق روس کے مشرقی ساحل کے قریب علاقے کمچاٹکا میں 8.8 شدت کا زلزلہ آیا۔ زلزلے کا مرکز پیٹروپاولوسک شہر کے مشرق میں 136 کلومیٹر کے فاصلے پر 19 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے نتیجے میں متعدد گھر منہدم ہوگئے جبکہ عمارتیں لرز گئیں۔ اس کے علاوہ روس کے مشرقی علاقے سے تین سے چار میٹر لہریں ٹکرا گئیں جس سے مختلف علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دہائیوں میں آنے والا سب سے زیادہ طاقتور زلزلہ تھا، متعلقہ ادارے اس سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
کمچاٹکا میں 8.8 شدت کے زلزلے کے بعد روس، جاپان اور امریکہ سمیت کئی ممالک میں سونامی الرٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ جاپان میں تین میٹر تک بلند لہروں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح تائیوان، فلپائن، ہوائی اور الاسکا کے لیے بھی سونامی وارننگز اور ایڈوائزریز جاری کی گئی ہیں۔