ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 75 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 336 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 390 روپے 62 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتیں 30 جولائی تک نافذ العمل رہیں گے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں حالیہ دنوں کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 335 روپے 81 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے، یعنی صرف 10 روز میں 25 روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا۔
اسی عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 388 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی، جو 65 روپے 8 پیسے فی لیٹر کے نمایاں اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی کے باوجود مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔