بھارتی کرکٹر اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

بھارتی کرکٹر اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
کیپشن: بھارتی کرکٹر اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک: بھارت کے تجربہ کار بلے باز اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے شاندار کیریئر کا اختتام کر دیا۔

اجنکیا رہانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ایک جذباتی پیغام میں اپنے مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلِ خانہ اور اپنے کرکٹ سفر میں ساتھ دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ رہے ہیں۔

رہانے نے ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط بین الاقوامی کیریئر میں بھارت کی جانب سے 85 ٹیسٹ، 90 ایک روزہ اور 20 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 8 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی مستقل مزاج بیٹنگ اور اہم مواقع پر ذمہ دارانہ اننگز نے انہیں بھارتی ٹیم کے قابلِ اعتماد بلے بازوں میں شامل کیا۔

اجنکیا رہانے کے کیریئر کا یادگار ترین باب 2020-21 کی بارڈر-گواسکر ٹرافی رہا، جب انہوں نے باقاعدہ کپتان کی عدم موجودگی میں آسٹریلیا کے دورے پر بھارتی ٹیم کی قیادت کی۔ ایڈیلیڈ میں ابتدائی شکست کے بعد ان کی قیادت میں بھارت نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی اور تاریخی کامیابی حاصل کی۔

میلبرن ٹیسٹ میں رہانے کی ذمہ دارانہ سنچری کو اس تاریخی فتح کا اہم موڑ قرار دیا جاتا ہے، جبکہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور پُراعتماد بیٹنگ کو کرکٹ حلقوں میں آج بھی سراہا جاتا ہے۔

اجنکیا رہانے کو بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں ایک ایسے بلے باز اور کپتان کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جنہوں نے مشکل حالات میں ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

Watch Live Public News