(ویب ڈیسک ) عالمی قوانین کی خلاف ورزی اورایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ، امریکی صدر کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست کورٹ میں دائر کردی گئی۔
عالمی قوانین اور جنیوا کنونشنز کی خلاف ورزی اورایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست کورٹ کو موصول ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے درخواست سماعت کے لئے ایڈیشنل سیشن عدالت منتقل کردی۔ ایڈیشنل سیشن عدالت نے درخواست پر اختیارات اور حدود سے متعلق دلائل طلب کرلئے۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کرتےہوئے مزید سماعت جولائی تک ملتوی کردی۔
درخواست وکیل جمشید علی خواجہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔ درخواست میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او ڈاکس فریق ہیں۔
درخواست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مسلسل مجرمانہ سرگرمیوں، عالمی قوانین اور جنیوا کنونشنز کی خلاف ورزیوں پر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شکایت کی ، کراچی پولیس کے مختلف اعلیٰ افسران کو شکایتی درخواستیں دی گئیں، درخواست پر نہ تو ایف آئی آر درج کی گئی اور نہ ہی بیان ریکارڈ کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرکے عالمی امن کو خطرے میں ڈالا گیا، کروڑوں مسلمانوں اور ہزاروں وکلاء کو جسمانی، ذہنی و مالی نقصان پہنچا۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ پولیس کو سیکشن 154 سی آر پی سی کے تحت بیان ریکارڈ کرکے مقدمہ اندراج کا حکم دیا جائے۔