اسلام آباد،لاہورسمیت ملک کےمختلف علاقوں میں بارش اور برفباری

اسلام آباد،لاہورسمیت ملک کےمختلف علاقوں میں بارش اور برفباری
کیپشن: اسلام آباد،لاہورسمیت ملک کےمختلف علاقوں میں بارش اور برفباری

ویب ڈیسک:مغربی ہواؤں کے پاکستان میں داخل ہونے کے بعد لاہور سمیت ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی، پشاور میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر بادل برسے۔

مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی رات گئے بادل برس پڑے، رحیم یار خان شہر اور گرد و نواح میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔

پنجاب میں رات گئے ہونے والی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے روزہ داروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، بارش کی وجہ سے گندم کی فصل کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

پاکپتن اور وہاڑی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں رات بھر بارش ہوئی جبکہ ملتان کے مضافات اور خانپور میں ژالہ باری سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی۔

  بارش اور ژالہ باری/ سردی کی شدت میں اضافہ

پشاور، ایبٹ آباد، خیبر، دیر بالا، مردان، بنوں، وانا اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ بلوچستان میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا  ہے۔مغربی ہواؤں کی وجہ سے بلوچستان میں کوئٹہ، بارکھان، لورالائی، ژوب، نوشکی، مستونگ اور ہرنائی سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، سبی اور گردونواح میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کے باعث موسم انتہائی یخ بستہ ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بابو سر ٹاپ، نانگا پربت، فیری میڈوز اور بٹو گاہ ٹاپ سمیت دیگر علاقوں میں برفباری ہوئی۔

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند 

اپرکوہستان میں رات گئے شدید بارشوں کے باعث داسو کے قریب دوگاہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کرتے ہوئے دیامراور کوہستان کے پہاڑی علاقوں، شاہراہ قراقرم پر مزید لینڈ سلائیدنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔

بارش کے باعث چھت گرنےسے3افرادزخمی

ادھر پشاور کے علاقے ورسک روڈ شیر کلے میں گھر کی خستہ حال چھت گرنے کی وجہ سے 3 افراد ملبے تلے دب گئے، ریسکیو ٹیموں نے تینوں افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا، زخمیوں میں دو بچے اور ایک خاتون شامل ہے۔