11 لاکھ محنت کشوں کیلئے ’پنجاب مزدور کارڈ‘ جاری ہوں گے

11 لاکھ محنت کشوں کیلئے ’پنجاب مزدور کارڈ‘ جاری ہوں گے
لاہور ( پبلک نیوز) بزدار حکومت محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبہ بھر کے 11 لاکھ محنت کشوں کیلئے پنجاب مزدور کارڈ سکیم کے اجراء کیلئے پیسی (PESSI) اور بینک آف پنجاب کے درمیان وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی موجودگی میں ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔ محنت کشوں کو مزدور کارڈ کے اجراء کیلئے محکمہ محنت اور بینک آف پنجاب کے مابین ایم او یو پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں 11 لاکھ محنت کشوں کو مزدور کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ مزدور کارڈ کو اے ٹی ایم، ڈیبٹ کارڈ، موبائل والٹ اکاؤنٹ اور شناختی کوڈ کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔مزدور کارڈ، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں، سرکاری اور پینل کے نجی ہسپتالوں میں علاج کیلئے استعمال ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ مزدور کارڈ کے ذریعے کیش بینیفٹ کی 11 سہولتیں بھی حاصل ہوگی۔ رجسٹرڈ ورکرز مزدور کارڈ کے ذریعے ہاؤسنگ، روزگار، احساس، کامیاب نوجوان اور دیگر پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔مزدور کارڈسے ریلوے، یوٹیلٹی سٹور، باٹا، ڈوسے بیکری، الائیڈ اور سمارٹ سکول کی طرف سے ورکروں کورعایت ملے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مزدور کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔محروم اور پسماندہ طبقے کا خیال رکھنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔ملک کی ترقی میں مزدور کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ مراعات مزدو رکا حق ہے اور یہ کسی کا احسان نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت محنت کشوں کو ان کا حق ضرور لوٹائے گی۔ عثمان بزدار نے سوشل سکیورٹی ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی سی یو ون اور سی سی یو ٹو کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وارڈ میں داخل امراض قلب کے مریضوں سے بات چیت کی اور ہسپتال کے انتظامات اور دیگر امور کے بارے میں دریافت کیا۔ صوبائی وزراء انصر مجید نیازی، راجہ یاسر ہمایوں، میاں اسلم اقبال، سیکرٹری محنت، صدر بینک آف پنجاب، چیئرمین پنجاب سوشل ہیلتھ کیئر کمپنی خواجہ جلال الدین رومی، کمشنر پیسی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔